امریکی صدرباراک اوبامہ نے کہاہے کہ پاکستان اپنی سرزمین پرسرگرم دہشت گرد گروپوں کیخلاف مزید موثر کارروائی کرسکتا ہے اوراسے ضرورکرنی چاہیے۔
وزیراعظم نوازشریف کو اس بات کا ادراک ہے کہ پاکستان میں عدم استحکام پورے خطے کیلئے خطرہ ہے ، دہشت گردوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی کی پالیسی درست ہے ، پاکستان کے پاس موقع ہے کہ وہ دہشت گردی کے نیٹ ورک کے خاتمے میں اپنی سنجیدگی دکھائے ۔
بھارتی خبررساں ادارے ’’پی ٹی آئی ‘‘کودیئے گئے انٹرویو میں صدر اوبامہ نے پٹھان کوٹ ایئربیس پر دہشت گردی کے حملے کو بلاجواز دہشت گردی کی اور ایک مثال قرار
دیا اور اس حملے کے بعد پاکستانی ہم منصب سے رابطہ کرنے پر وزیراعظم نریندر مودی کو سراہا ۔
بھارت کیساتھ دوطرفہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نریندر مودی نے مضبوط شراکت داری کی خواہش کااظہارکیا اور ہم نے دوستی اور قریبی تعلقات قائم کیے ہیں تاہم بھارت اور امریکہ کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی گنجائش موجود ہے ۔
جب سے میں نے عہدہ سنبھالا بھارت کے ساتھ تعاون کو مستحکم کرنے پر کام کیا اور میرا یہ یقین ہے کہ بھارت اور امریکہ کے درمیان شراکت داری اس صدی کی اہم شراکت داریوں میں سے ایک ہو سکتی ہے کیونکہ امریکہ اور بھارت کی مشترکہ اقدار ، مضبوط جمہوریت ، مستحکم معیشت انہیں فطری اتحادی بناتی ہے